مکمل پاکستان پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالمتین ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اپنے کلچر کو ازسرِنو مضبوط اور منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں وہی اقدار اور روایات اپنانی ہوں گی جو پاکستان کے قیام کے وقت ہمارے لیے متعین کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی اور اصلاحات اسی وقت ممکن ہیں جب ہم اپنے کلچر کو فروغ دیں گے۔ کلچر کے فروغ میں خواتین کا کردار سب سے اہم ہے، اور مکمل پاکستان پارٹی اس حوالے سے خواتین کے ساتھ عملی کام کر رہی ہے، کیونکہ خواتین ہی وہ بنیاد ہیں جو معاشرے کو اس کی اصل پہچان واپس دلا سکتی ہیں۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمیں ایک ایماندار اور کاروباری قوم بننا ہوگا۔ جو اچھی باتیں ہم نے کتابوں میں پڑھی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے والدین کو خاص طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اور اپنی اولاد کو بھی مکمل پاکستان پارٹی کے نظریے سے جوڑیں، تاکہ ہم مل کر اس ملک کو اس کی اصل بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ابھی تک اس نظریے پر مکمل طور پر قائم نہیں ہو سکا جس کے تحت اسے حاصل کیا گیا تھا، اس لیے ہمیں سنجیدگی سے اس سمت میں کام کرنا ہوگا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کے لیے اردو زبان اور مضبوط کلچر دونوں کا ساتھ ساتھ ہونا ضروری ہے، کیونکہ یہی ہماری قومی شناخت کی اصل بنیاد ہیں۔







