کراچی کے علاقے قائد آباد میں دو سالہ معصوم بچی کی لاش کی برآمدگی اور سرگودھا میں چند روز قبل ایک کمسن بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ واقعات نہ صرف انسانیت کے لیے ایک المیہ ہیں بلکہ ہمارے معاشرے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اجتماعی شعور کے لیے بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔
ہم آئے روز اپنی معصوم بیٹیوں کو درندگی، بے حسی اور مجرمانہ ذہنیت کا نشانہ بنتے دیکھ رہے ہیں۔ سرگودھا میں ایک کمسن بچی صبح سویرے معمولی ضرورت کے لیے گھر سے نکلی اور بعد ازاں اس کی لاش برآمد ہوئی، جبکہ کراچی کے قائد آباد میں دو سالہ بچی کی لاش ملنے کا واقعہ بھی انتہائی دردناک اور قابلِ مذمت ہے۔
سوال یہ ہے کہ آخر یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ ہماری بیٹیاں کب تک عدم تحفظ کا شکار رہیں گی؟ اور ان معصوم جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کون ہے؟
مکمل پاکستان پارٹی ان تمام واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے سفاک مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی درندہ ایسی حرکت کرنے کی جرأت نہ کر سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ والدین، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور ریاستی اداروں کو مل کر بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ صرف بیانات اور مذمت کافی نہیں، بلکہ ایک مضبوط اور عملی نظام تشکیل دینا ہوگا جو بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کر سکے۔
ہم حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل جیسے جرائم کے سدباب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور مجرموں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
معصوم بچوں کا تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر آج ہم نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو کل مزید خاندان اسی درد اور اذیت سے گزریں گے۔
مکمل پاکستان پارٹی ہر مظلوم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور بچوں کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
محمد شاداب قریشی
کوآرڈینیٹر حلقہ این اے 55، راولپنڈی
مکمل پاکستان پارٹی







