قوم کو اصل سمت دینے کا وقت آ گیا ہے”
محمد عبدالمتین ہاشمی، چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کو 78 سال گزر چکے ہیں، مگر آج بھی قوم کو درپیش بنیادی مسائل کی جڑ تک پہنچنے اور ان کے مؤثر حل کی جانب سنجیدہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ معاشرتی تکبر، ذاتی مفادات اور فرسودہ سیاسی سوچ ہے، جن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی نظام عوام کو حقیقی مسائل سے ہٹا کر محدود نوعیت کے منصوبوں تک محدود رکھتا ہے، جبکہ معیشت کی مضبوطی، کرنسی کے استحکام، روزگار کے مواقع اور انسانی ترقی جیسے بنیادی شعبے مسلسل نظر انداز ہو رہے ہیں۔ کمزور معیشت اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری اس طرزِ حکمرانی کی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔
چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت قوم کو ایک واضح، مثبت اور نتیجہ خیز سمت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ پارٹی نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں عملی مواقع فراہم کرنے اور ملک کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکمل پاکستان پارٹی حکومت میں ہو یا نہ ہو، پاکستان کی ترقی، قومی خودمختاری اور عوامی فلاح کے اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہے گی









